پٹنہ11جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے منگل کواپنی خاموشی توڑ ی اورانہوں نے صاف کیاکہ وہ اتحادی لالویادواوران کے بیٹے تیجسوی یادوسے کیاچاہتے ہیں۔تیجسوی یادو بہار حکومت میں نمبردوکی حیثیت رکھتے ہیں۔پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعدجے ڈی یوپارٹی کے ترجمان نیرج کمار نے سی ایم نتیش کمارکی منشاکوسامنے رکھتے ہوئے کہاکہ وہ لوگ جو بدعنوانی کے الزامات کاسامنا کر رہے ہیں، انہیں عوام کا سامنا کرنا چاہئے اور اپنے آپ کو بے داغ ثابت کرنا چاہئے۔ہمیں اعتمادہے کہ وہ ایساکریں گے۔اگرچہ جے ڈی یو نے تیجسوی یادو کو نائب وزیر اعلی کا عہدہ چھوڑنے کے لئے کوئی دباؤ تو نہیں ڈالا لیکن بہت سخت پیغام ضرور دیا۔پارٹی نے کہا کہ تیجسوی کواپنے اوپر لگے بدعنوانی کے الزامات کے بارے میں صفائی دینی ہوگی ورنہ انہیں حکومت سے استعفیٰ دیناچاہئے۔